آؤ پنگا لیں

نواز شریف کی حمایت اور سول بالادستی کا خواب

ابنِ خامہ

کچھ دوست سمجھ رہے ہیں کہ نواز شریف اب سویلین بالادستی کی جنگ لڑے گا ، نواز شریف کو گیم سے باہر کرنے کا طریقہ غلط صحیح لیکن نواز شریف پھر بھی سویلین بالادستی کی جنگ نہیں لڑے گا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی بنیاد آمریت کے گملے میں رکھی گئی ہے۔

اسلام نے نماز کی امامت کے لئے بھی شرط رکھی ہے کہ مشہور حرام زادہ / زنا زادہ نہ ہو ۔۔۔ یہاں سوال ملک کی امامت کا ہے اور نواز شریف مشہور آمریت زادہ ہے، اور وہ کیا ہمارے ملک کے تمام مرکزی دھارے کے حکمران اسی ایک گملے میں اگائے گئے ہیں جس کا نام آمریت ہے۔۔۔ آمریت کی گود میں پروردہ ذہنوں سے سول بالادستی کی جنگ لڑنے کی امید رکھنا ایسا ہی ہے کہ بلی سے گوشت کی رکھوالی کی امید رکھی جائے ۔۔

یہ نظریات سےعاری ، سوچ ، فکر اور فلسفے سے محروم بونے صرف اور صرف کرپشن کرسکتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ ان کے پاس ملک کی تعمیر و ترقی ، قوم کی خوشحالی اور آزادی کا کوئی منشور نہ پہلے تھا نہ اب ہوگا۔۔۔ یہ اگر آج آپ کی حمایت سے اس جنگ کو جیت بھی گئے توکل انہوں نے پارٹی کے کسی سینئر عہدیدار کو صدارت نہیں دینی ۔۔ اپنا بھائی ، اپنی بیٹی اپنا بھتیجہ ، یہی حال پیپلز پارٹی کا بھی ہے ، سو میرے ہر دل عزیز سول بالادستی کے خواہش مند دانشورو! یہ جنگ میں نے اور آپ نے ہی لڑنی ہے ، اپنے قلم سے اپنی زبان سے ۔۔۔

ہم وہی ہیں جو اس سے قبل بھی تاریک راہوں میں مارے گئے ہیں اور اب بھی مارے جائیں گے ، ہم سے سابقہ چراغ ہمارے ذہنوں کو ضوفشاں کرگئے ہیں تو اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں وہی بات کہیں جو حق ہے ۔۔ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی اور سول بالادستی کے حصول نواز شریف جیسے کرپٹ سیاست دانوں کی قیادت میں نہیں حاصل ہوتے ۔۔۔

ہمارے قبیل کے لوگوں کو ضرورت ہے کہ سب سے پہلے صحیح قبلہ منتخب کریں ۔۔۔ سیاست داں نہ کل مڈل کلاس کے تھے نہ آج ہیں اور نہ کل ہوں گے ۔۔ لیکن یہ جنگ مڈل کلاس کی ہے اور مڈل کلاس کی رہے گی، سو اپنے حصے کا کام کرتے جائیے شاید آنے والا وقت سول بالادستی کا سورج لے کر طلوع ہو لیکن فی الحال نواز شریف کو قائد سمجھنے کی غلطی کرنے والے وہی ہیں جنہوں نے کل بھٹو کو سوشل ازم کا نمائندہ سمجھنے کی غلطی کی تھی ۔۔۔

یہ آسمانوں سے اترے لیڈر ہمارے کسی کام کےنہیں ہمیں اپنے لیڈر اپنی صفوں میں سےنکالنے ہیں اور پارلیمنٹ تک پہنچانے ہیں ، جس دن ہم نے ایمانداروں کو پارلیمنٹ میں بھیج دیا سول بالادستی اسی دن قائم ہوجائے گی کہ ایماندار شخص اصولوں پر سودے نہیں کرتا

نواز شریف کی حمایت اور سول بالادستی کا خواب
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

To Top